عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی جیوپولیٹیکل کشیدگی کے تناظر میں وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے حوالے سے اہم تجاویز پر غور شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارتِ توانائی نے اس سلسلے میں تفصیلی ورکنگ تیار کر کے وزیراعظم کو بریفنگ دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تجویز دی گئی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں موجودہ پندرہ روزہ نظام کے بجائے ہفتہ وار بنیادوں پر ریوائز کی جائیں تاکہ قیمتوں کو عالمی منڈی میں ہونے والی تبدیلیوں کے مطابق زیادہ تیزی سے ایڈجسٹ کیا جا سکے۔ اس طریقہ کار کے تحت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بین الاقوامی مارکیٹ کی صورتحال کے مطابق مقرر کی جائیں گی۔
حکام کے مطابق وزیراعظم معاشی ٹیم سے مشاورت کے بعد قیمتوں کے تعین کے نئے طریقہ کار سے متعلق حتمی فیصلہ کریں گے۔ اگر موجودہ عالمی صورتحال مزید سنگین رہی تو وفاقی حکومت کی جانب سے اس حوالے سے جلد کوئی اہم فیصلہ متوقع ہے۔
دوسری جانب حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی روکنے کے لیے بھی نگرانی کا نظام مزید سخت کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ قلت یا مصنوعی مہنگائی کو روکا جا سکے۔



















