سندھ حکومت نے عیدالفطر کے موقع پر عام تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت صوبے بھر میں سرکاری سطح پر چھٹیوں کا اعلان کیا گیا ہے اور اس دوران تمام سرکاری دفاتر اور ادارے بند رہیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ میں 20 اور 21 مارچ کو عیدالفطر کی عام تعطیلات ہوں گی، جس کے باعث سرکاری سرگرمیاں معطل رہیں گی اور ملازمین کو عید کی چھٹیاں میسر ہوں گی۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا حکومت نے بھی عیدالفطر کے موقع پر تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے، اعلامیے کے مطابق صوبے میں عید کی چھٹیاں جمعرات 19 مارچ سے ہفتہ 21 مارچ تک جاری رہیں گی، جس کے لیے محکمہ ایڈمنسٹریشن نے باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔
ادھر وفاقی حکومت کی جانب سے بھی عیدالفطر پر دو روزہ سرکاری تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے مطابق 20 اور 21 مارچ 2026 کو ملک بھر میں عیدالفطر کی چھٹیاں ہوں گی، اور یہ نوٹیفکیشن وزیراعظم کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کیا گیا۔



















