پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت شائقین کرکٹ اب آن لائن ٹکٹ خرید سکتے ہیں اور میچز کے لیے اپنی نشستیں محفوظ بنا سکتے ہیں۔
اس بار فیصل آباد کو بھی پی ایس ایل میچز کی میزبانی کا موقع دیا گیا ہے، جہاں پہلی مرتبہ اقبال اسٹیڈیم میں لیگ کے مقابلے منعقد ہوں گے، جس سے مقامی شائقین کو براہ راست میچز دیکھنے کا موقع ملے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق فیصل آباد میں کھیلے جانے والے میچز کے لیے جنرل ٹکٹ 300 روپے میں دستیاب ہوں گے، تاکہ زیادہ سے زیادہ شائقین اس ایونٹ سے لطف اندوز ہو سکیں۔
پی سی بی کے مطابق آن لائن ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز آج سے ہو چکا ہے، جبکہ فزیکل ٹکٹس 24 مارچ سے دستیاب ہوں گے تاکہ وہ شائقین بھی ٹکٹ حاصل کر سکیں جو آن لائن سہولت استعمال نہیں کرتے۔



















