متحدہ عرب امارات کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث کئی سڑکیں زیر آب آ گئی ہیں، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اماراتی محکمہ موسمیات نے بارش کے حوالے سے نئی وارننگ جاری کر دی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ 27 مارچ تک مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹس کے مطابق ریاست عجمان کے علاقے المنامہ میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی، جہاں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور مقامی سطح پر صورتحال متاثر ہوئی۔
دوسری جانب دبئی اور ابوظبی میں بھی بارش کے باعث موسم میں نمایاں ٹھنڈک آ گئی ہے، جبکہ ابوظبی کے علاقوں غیاثی، الوثبہ اور محمد بن زاید سٹی میں تیز بارش کے بعد پانی جمع ہو گیا، جس سے شہری زندگی متاثر ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات بھی مختلف علاقوں میں مزید بارش کا امکان ہے، جبکہ جمعرات کے روز شمالی اور مشرقی علاقوں میں بارش متوقع ہے اور جمعہ کے روز بارش کی شدت میں کمی آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔



















