محکمہ موسمیات نے 7 سے 11 مئی کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں شدید ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کرتے ہوئے وسطی اور جنوبی علاقوں میں گرمی کی شدید لہر آنے سے خبردار کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں درجہ حرارت 46 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جس کے باعث شدید گرمی کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
اسی طرح جنوبی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بعض میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 43 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی، مردان، نوشہرہ اور پشاور میں درجہ حرارت 39 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق خطہ پوٹھوہار اور لاہور سمیت وسطی پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ کراچی میں درجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور خواتین کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شدید گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کیا جائے اور پانی کا زیادہ استعمال یقینی بنایا جائے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 10 مئی کی شام سے 13 مئی کے دوران کمزور مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان بھی موجود ہے۔



















