اسلام آباد: حکومت نے شہریوں کو گھر بیٹھے آن لائن پاسپورٹ اپلائی کرنے کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت پاسپورٹ کے حصول کا عمل مزید آسان اور ڈیجیٹل بنایا جائے گا۔
اس حوالے سے ڈی جی پاسپورٹس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں نادرا کی ٹیکنیکل ٹیم نے بھی شرکت کی اور پاسپورٹ نظام میں جدید اصلاحات سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں پاسپورٹ کے موجودہ نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے اور مکمل ڈیجیٹل نظام کی جانب منتقل کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
حکام کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزارت داخلہ کے وژن کے مطابق نئی ٹیکنالوجی متعارف کروانے اور موجودہ پالیسیوں کو جدید ڈیجیٹل نظام سے ہم آہنگ کرنے پر کام تیزی سے جاری ہے۔
اجلاس کے دوران شہریوں کو گھر بیٹھے آن لائن پاسپورٹ اپلائی کرنے کی سہولت دینے کے فیصلے کی منظوری دی گئی، جس کا مقصد عوام کو پاسپورٹ دفاتر کے غیر ضروری چکروں سے بچانا اور درخواست کے عمل کو آسان بنانا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئے ڈیجیٹل نظام کے تحت شہری پاسپورٹ درخواست، دستاویزات کی تصدیق اور دیگر تمام مراحل آن لائن مکمل کر سکیں گے، جبکہ مستقبل میں خدمات کو مزید تیز، شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔



















