لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی مزید 6 مقدمات میں گرفتاری ڈال دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ یہ مقدمات 28 ستمبر، 4 اکتوبر اور 5 اکتوبر کے احتجاج سے متعلق ہیں۔
ذرائع کے مطابق پولیس کے 6 تفتیشی افسران نے عمران خان کی گرفتاری کے بعد سات روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواستیں عدالت میں پیش کیں۔درخواستوں کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوئی جہاں پراسیکیوٹر امین منہاس نے بتایا کہ تھانہ نیو ٹاؤن کیس میں جسمانی ریمانڈ مکمل ہو چکا ہے جبکہ دیگر مقدمات کی سماعت آج ہو گی۔
ذہن نشین رہے کہ عمران خان کیخلاف 28 ستمبر، 4 اکتوبر اور 5 اکتوبر کو ہونے والے احتجاج کے دوران 6 مختلف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ ان مقدمات میں احتجاجی سرگرمیوں، عوامی فساد اور قانون کی خلاف ورزی کے الزامات شامل ہیں۔
خیال رہے کہ یہ گرفتاری عمران خان کے خلاف جاری قانونی کارروائیوں کا حصہ ہے۔ ان کے حمایتی حکومت کی اس کارروائی کو سیاسی انتقام قرار دے رہے ہیں،جبکہ سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ان مقدمات کا اثر عمران خان کی سیاسی سرگرمیوں اور پاکستان تحریک انصاف کے مستقبل پر پڑ سکتا ہے۔



















