پولش ایئر فورس کی ٹائیگر ڈیمو ٹیم کا ایک جدید ترین F-16 لڑاکا طیارہ ریڈوم ایئر شو کی تیاری کے دوران المناک حادثے کا شکار ہو گیا۔ یہ حادثہ 28 اگست 2025 کی شام کو اس وقت پیش آیا جب طیارہ ریڈوم ایئرپورٹ پر تربیتی پرواز انجام دے رہا تھا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ مقامی وقت کے مطابق شام 7 بج کر 25 منٹ پر پیش آیا، جب طیارہ رن وے کے اوپر سے اچانک ایک تیز اور کھڑی نزول میں داخل ہوا لیکن بروقت بحالی میں ناکام رہا اور زمین سے ٹکرا کر شعلوں میں لپٹ گیا۔
اس افسوسناک واقعے میں طیارے کا پائلٹ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ حکام نے جائے حادثہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ حادثے کی وجوہات معلوم کی جا سکیں۔
ریڈوم ایئر شو پولینڈ کا سب سے بڑا ایوی ایشن شو مانا جاتا ہے، جہاں ہر سال دنیا بھر سے ہزاروں شائقین اور ماہرین شرکت کرتے ہیں۔ اس حادثے کے باعث تقریب کو غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔



















