کراچی: محکمہ زراعت سندھ نے بدین میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک گودام سے 45 ہزار بوریاں یوریا کھاد کی برآمد کر لیں۔ یہ کارروائی زرعی شعبے میں کھاد کی مصنوعی قلت اور کسانوں کو درپیش مشکلات کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
ترجمان محکمہ زراعت سندھ کے مطابق چھاپہ ایڈیشنل ڈائریکٹر زراعت بدین، امتیاز بھٹو کی نگرانی میں سندھ فرٹیلائزرز کنٹرول ایکٹ کے تحت مارا گیا۔ کارروائی کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ یوریا کھاد کی یہ بھاری مقدار بغیر لائسنس کے ذخیرہ کی گئی تھی، جس کی مالیت کروڑوں روپے بنتی ہے۔
چھاپے کے دوران گودام میں موجود عملہ کارروائی سے پہلے ہی فرار ہوگیا۔ محکمہ زراعت نے گودام کو فوری طور پر سیل کر دیا ہے اور مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ قدم کسانوں کے حق میں ایک بڑی کامیابی ہے تاکہ کھاد کی قلت پیدا کرنے والے عناصر کو بے نقاب کیا جا سکے۔



















