لاہور میں بسنت کے موقع پر ہوائی جہازوں کی محفوظ آمد و رفت کو یقینی بنانے کے لیے ایئرپورٹ سے ملحقہ علاقوں میں پتنگ بازی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ طیاروں کی ٹیک آف اور لینڈنگ کے دوران کسی بھی قسم کا خطرہ مول نہیں لیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نادرا آباد، گلشنِ علی کالونی، نشاط کالونی اور بھٹہ چوک کے علاقوں میں پتنگ اڑانا مکمل طور پر ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ علاقے ایئرپورٹ کے قریب واقع ہونے کی وجہ سے حساس ہیں، جہاں پتنگ بازی فضائی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔
اس کے علاوہ ڈی ایچ اے کے بلاکس آر، ایس، پی اور کیو میں بھی پتنگ اڑانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن میں الفیصل ٹاؤن، جوڑے پُل، تاجپورہ اور تاجپورہ سے ملحقہ کینال روڈ کو بھی ممنوعہ علاقوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے، جہاں قانون کی خلاف ورزی پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے لاہور میں 6 سے 8 فروری تک بسنت منانے کا اعلان کر رکھا ہے، جس کے بعد شہر بھر میں پتنگوں کی خرید و فروخت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ پابندیوں پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔



















