پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کرکٹ ٹیم کے ہاتھوں شکست کے بعد کھلاڑیوں کی کارکردگی پر برہم ہوگئے۔
اتوار کو کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اہم میچ میں پاکستان کو 61 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 175 رنز بنائے، جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم 18 اوورز میں 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اس یکطرفہ شکست کے بعد شائقین اور سابق کرکٹرز کی جانب سے قومی ٹیم کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں بہت غلطیاں کی گئیں اور بھارت جیت کا حقدار تھا۔ انہوں نے کپتان سلمان علی آغا کے فیصلوں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ عثمان طارق جیسے اہم بولر کو 10 اوورز تک استعمال نہ کرنا سمجھ سے باہر تھا۔
انہوں نے شاہین شاہ آفریدی کی بولنگ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ان کی کارکردگی مؤثر نہیں تھی، جبکہ متبادل کے طور پر فہیم اشرف موجود تھے۔ شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ اگر فیصلہ ان کے ہاتھ میں ہو تو وہ شاہین، شاداب خان اور بابر اعظم کو ٹیم سے باہر بٹھا کر نئے کھلاڑیوں کو موقع دیں گے۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ سینیئر کھلاڑیوں سے بڑی ٹیموں کے خلاف بہتر کارکردگی کی توقع ہوتی ہے لیکن وہ اس پر پورا نہیں اتر رہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اگلے میچ میں نمیبیا کرکٹ ٹیم کے خلاف نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا جانا چاہیے تاکہ ٹیم میں نئی توانائی لائی جا سکے۔



















