شہر قائد کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں رہائشی فلیٹس میں ہونے والے دھماکے کی تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے اپنی حتمی رپورٹ میں اس واقعے کی وجہ گیس لیکیج قرار دی ہے۔ حکام کے مطابق ابتدائی شکوک و شبہات کے بعد مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس کے نتیجے میں گیس کے اخراج کو دھماکے کا سبب قرار دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے سلنڈر پھٹنے کے کوئی شواہد نہیں ملے اور نہ ہی متاثرہ فلیٹس سے کسی تباہ شدہ سلنڈر یا اس کے پرزے برآمد ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق واقعے میں کسی قسم کے دھماکہ خیز مواد کے استعمال کے آثار بھی سامنے نہیں آئے۔
انچارج بم ڈسپوزل اسکواڈ عابد نے بتایا کہ گیس کی پائپ لائن لفٹ کے قریب سے گزر رہی تھی، جس کے باعث دھماکا انتہائی شدت اختیار کر گیا اور لفٹ گرنے کا واقعہ بھی پیش آیا۔ ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ممکنہ طور پر فلیٹ میں گیس کا چولہا کھلا رہ گیا تھا، اور اچانک گیس کی فراہمی بحال ہونے پر فلیٹ کے اندر گیس بھر گئی، جس نے دھماکے کی صورت اختیار کر لی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز نارتھ ناظم آباد بلاک ای میں واقع ایک رہائشی اپارٹمنٹ میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی تھی۔ اس افسوسناک واقعے کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہو گئے تھے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔



















