اسلام آباد میں امریکا کے ساتھ ہونے والے اہم مذاکرات کے لیے ایران کا ایک اعلیٰ سطحی وفد پہنچ گیا ہے، جس سے خطے میں سفارتی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی وفد کی قیادت ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کر رہے ہیں، جبکہ وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے ہیں تاکہ اہم مذاکراتی عمل میں شرکت کر سکیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی وفد کا پرتپاک استقبال نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کیا، جبکہ اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔
ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس موقع پر اس امید کا اظہار کیا کہ تمام فریقین مذاکرات کو تعمیری انداز میں آگے بڑھائیں گے اور اس کے مثبت اور نتیجہ خیز اثرات سامنے آئیں گے۔
پاکستان نے ایک بار پھر اپنے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ خطے میں تنازعات کے پائیدار اور دیرپا حل کے لیے اپنی سہولت کاری کا کردار جاری رکھے گا اور امن کے قیام کے لیے بھرپور کوششیں کرے گا۔



















