کراچی میں ملیر، سرجانی ٹاؤن اور ڈی ایچ اے سٹی میں نئے بڑے نادرا سینٹرز کے قیام اور تزئین و آرائش کا کام آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے، جبکہ تینوں مقامات پر شہریوں کو نادرا سہولیات کی فراہمی رواں ماہ شروع کیے جانے کا امکان ہے۔
رپورٹس کے مطابق سرجانی ٹاؤن میں زیر تعمیر نئے نادرا بگ سینٹر پر کام تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے، جہاں گلزار ہجری، جمالی پل، سپر ہائی وے اور ملحقہ علاقوں کے شہریوں کی سہولت کے لیے 6 کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے روزانہ تقریباً 200 شہری مستفید ہو سکیں گے۔
اسی طرح گل احمد ٹیکسٹائل کے قریب قائم نادرا سینٹر کی گنجائش میں اضافے اور تزئین و آرائش کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے، جہاں پہلے 3 کاؤنٹرز موجود تھے، تاہم اب اسے بگ سینٹر کی شکل دے کر 7 کاؤنٹرز تک توسیع دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق اس توسیع کے بعد سینٹر میں روزانہ 100 کے بجائے تقریباً 300 درخواست گزاروں کو نادرا سہولیات فراہم کی جا سکیں گی، جس سے شہریوں کو بڑی سہولت حاصل ہوگی۔
دوسری جانب سپر ہائی وے پر واقع ڈی ایچ اے سٹی میں دو کاؤنٹرز پر مشتمل نیا نادرا سینٹر بھی مکمل کر لیا گیا ہے، جہاں روزانہ 80 سے 100 درخواست گزاروں کو خدمات فراہم کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق اس نئے سینٹر کے قیام سے ڈی ایچ اے سٹی، نوری آباد، جھمپیر اور ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں کو نادرا سہولیات کے حصول میں آسانی میسر آئے گی۔



















