پیٹرول اور ڈیزل مزید ڈھائی روپے مہنگا کرنے کا فیصلہ، پیٹرولیم ڈویژن کو خلاصہ تیار کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ایس آئی ایف سی کے ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس آئی ایف ای ایم میں مٹی کے تیل، لائٹ ڈیزل سمیت پیٹرول اور ڈیزل مزید ڈھائی روپے مہنگا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 2 روپے 50 پیسے فی لیٹر اضافے کا فیصلہ پٹرول، ڈیزل، مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل آئل پر فوری نافذ ہو گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ ای ایسکرو اکاؤنٹس میں منتقل کیا جائے گا جو ریفائنریوں کے اپ گریڈ منصوبوں کے لیے استعمال ہوگا، یہ ایک عارضی انتظام ہوگا اور آئندہ بجٹ تک جاری رہے گا۔
ایس آئی ایف سی کے اجلاس میں اوگرا کو آئی ایف ای ایم میں اضافے کے اثرات کا جائزہ لینے اور پیٹرولیم ڈویژن کو خلاصہ تیار کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے، جو ای سی سی کے سامنے منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مارکیٹ کا 48 فیصد حصہ رکھنے والا پارکو آئی ایف ای ایم میں اضافے کے خلاف ہے۔
اجلاس میں پیٹرولیم ڈویژن کو ہدایت دی گئی ہے کہ مقامی ریفائنریوں کے 5 سے 6 ارب ڈالر کے اپ گریڈ منصوبوں کو شروع کرنے کے لیے ایک ہفتے کے اندر قابل عمل منصوبہ پیش کرے۔ ھالیہ اضافہ مہنگائی کے ستائے عوام پر کسی بم سے کم نہیں ہوگا۔



















