پاکستان میں آن لائن شاپنگ کے رجحان میں نمایاں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے، جس کی نشاندہی گیلپ اور گیلانی کے تازہ ترین سروے میں کی گئی ہے۔
سروے کے مطابق ملک بھر میں 91 فیصد افراد نے گزشتہ 6 ماہ کے دوران کسی بھی قسم کی آن لائن خریداری نہیں کی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جن افراد نے آن لائن شاپنگ کی، ان میں سے 60 فیصد نے ادائیگی کیش آن ڈیلیوری کے ذریعے کی، جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ صارفین اب بھی ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام پر مکمل اعتماد نہیں کر رہے۔
سروے کے نتائج کے مطابق آن لائن خریداری میں سب سے زیادہ 30 فیصد خریداری کپڑوں کی کی گئی، جبکہ گھڑیاں دوسری مقبول ترین کیٹیگری کے طور پر سامنے آئیں۔ دیگر مصنوعات کی خریداری کا تناسب نسبتاً کم رہا۔
اسی سروے میں شامل ایک سماجی سوال کے جواب میں 49 فیصد افراد نے کہا کہ اگر انہیں کسی مشہور شخصیت کی جگہ ایک دن گزارنے کا موقع ملے تو وہ مذہبی رہنما یا دانشور بننا پسند کریں گے۔ مزید برآں، 34 فیصد افراد نے رشتے کو برقرار رکھنے کے لیے اعتماد کو سب سے اہم عنصر قرار دیا۔



















