امریکا میں شدید برفانی طوفان نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے، جہاں مسلسل برفباری، بارش اور خراب موسمی حالات کے باعث مختلف حادثات میں اب تک 30 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
واشنگٹن، نیویارک، ٹیکساس، اوکلاہوما، نیوجرسی سمیت متعدد ریاستوں میں تیز اور یخ بستہ ہواؤں کے ساتھ برف اور بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث شہری زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔
برفانی طوفان کے نتیجے میں امریکا بھر میں 19 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ واشنگٹن میں وفاقی دفاتر بند رکھے گئے ہیں۔ آرکنساس سے نیو انگلینڈ تک ایک فٹ سے زیادہ برف پڑ چکی ہے، جس کے باعث اہم شاہراہیں بند اور تعلیمی ادارے عارضی طور پر معطل کر دیے گئے ہیں۔
پٹسبرگ کے شمالی علاقوں میں 20 انچ تک برفباری ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں درجہ حرارت منفی 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، بعض علاقوں میں دہائیوں کی شدید ترین سردی محسوس کی جا رہی ہے۔ نیویارک سٹی میں کھلے مقامات سے 8 افراد کی لاشیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔
بارش اور برفانی طوفان کے باعث 10 لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہو چکے ہیں، جبکہ 44 ریاستوں کے تقریباً 20 کروڑ شہریوں کے لیے شدید سردی کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ 24 ریاستوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں سردی کی شدت برقرار رہنے کے ساتھ ساتھ مشرقی ساحلی علاقوں میں ایک اور طاقتور برفانی طوفان آنے کا بھی امکان ہے۔



















