بھارتی شہر ممبئی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں مبینہ طور پر کھانے پینے کے بعد ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق ہو گئے، جن میں میاں، بیوی اور ان کی دو بیٹیاں شامل ہیں، جس سے علاقے میں تشویش کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 40 سالہ عبداللہ عبدالقادر، ان کی 35 سالہ اہلیہ نسرین، 16 سالہ بیٹی عائشہ اور 13 سالہ زینب نے ہفتے کی شب اپنے دیگر رشتہ داروں کے ہمراہ بریانی کھائی، جس کے کچھ دیر بعد رات کے وقت خاندان نے تربوز بھی کھایا، اور چند گھنٹوں کے اندر ہی ان کی طبیعت اچانک بگڑنا شروع ہو گئی۔
رپورٹ کے مطابق اتوار کی صبح تقریباً 5 بجے خاندان کے چاروں افراد کو شدید قے اور اسہال کی شکایت ہوئی، جس پر انہیں فوری طور پر مقامی ڈاکٹر کے پاس لے جایا گیا، تاہم حالت مزید خراب ہونے پر انہیں بڑے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دورانِ علاج چاروں افراد دم توڑ گئے۔
اسپتال کے ڈاکٹر زید قریشی کے مطابق ابتدائی طور پر یہ واقعہ فوڈ پوائزننگ کا معلوم ہوتا ہے، تاہم ہلاکتوں کی حتمی وجہ کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی کیا جا سکے گا، جس کے لیے مزید طبی اور فرانزک تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا ہلاکتیں خوراک میں کسی زہریلے مادے کی موجودگی کے باعث ہوئیں یا بریانی اور تربوز کا بیک وقت استعمال کسی طبی پیچیدگی کا سبب بنا۔



















