کراچی میں رواں سال کے ابتدائی ساڑھے تین ماہ کے دوران ٹریفک حادثات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں یکم جنوری سے 15 اپریل تک پیش آنے والے مہلک حادثات میں مجموعی طور پر 295 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 3 ہزار 205 افراد زخمی بھی ہوئے۔
اعداد و شمار کے مطابق ہیوی ٹریفک سے متعلق حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 100 تک پہنچ گئی ہے، جو مجموعی ہلاکتوں کا بڑا حصہ ہے اور شہریوں کے لیے تشویش کا باعث بن رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مہلک حادثات میں سب سے زیادہ ذمہ داری ٹریلرز پر عائد ہوتی ہے، جو 46 جان لیوا حادثات میں ملوث پائے گئے، جس سے شہر میں ہیوی ٹریفک کی نگرانی اور کنٹرول کے حوالے سے سوالات اٹھنے لگے ہیں۔



















