سندھ حکومت نے کراچی کے پسماندہ علاقوں اور صنعتی زونز کو سستی بجلی فراہم کرنے کا اہم فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد کم آمدن والے طبقات کو ریلیف دینا اور صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں چیئرمین کے الیکٹرک شہریار چشتی سے ہونے والی ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے متعلقہ اداروں کو اس حوالے سے واضح ہدایات جاری کی گئیں، تاکہ اس منصوبے کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ توانائی اور کے الیکٹرک کو ہدایت دی کہ کراچی کے بجلی صارفین کے لیے ہدفی سبسڈی پروگرام پر مشترکہ طور پر تفصیلی مطالعہ کیا جائے، تاکہ مستحق صارفین تک براہِ راست فائدہ پہنچایا جا سکے۔
انہوں نے مزید ہدایت دی کہ کم آمدن والے علاقوں اور صنعتی زونز کو سستی بجلی فراہم کرنے کے لیے قابلِ عمل تجاویز تیار کی جائیں، جبکہ گرمیوں کے آغاز کے ساتھ پسماندہ علاقوں میں لوڈشیڈنگ کم کرنے کی فوری ضرورت پر بھی زور دیا۔



















