کراچی میں منکی پاکس کا ایک اور کیس سامنے آیا ہے جہاں متاثرہ خاندان میں شوہر کے بعد اب اس کی اہلیہ میں بھی وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے، جس کے بعد محکمہ صحت نے صورتحال پر مزید نظر رکھنا شروع کر دیا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق ملیر کا رہائشی 42 سالہ شخص اسپتال سے صحتیاب ہو کر گھر منتقل ہو چکا ہے، تاہم اس کی 41 سالہ اہلیہ میں علامات ظاہر ہونے پر انہیں فوری طور پر اسپتال داخل کر لیا گیا ہے تاکہ بروقت علاج فراہم کیا جا سکے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون کو علاج کی تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں اور ان کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ مثبت پیش رفت یہ ہے کہ متاثرہ خاندان کے بچوں میں اب تک منکی پاکس کی کوئی علامت سامنے نہیں آئی۔
رواں سال کراچی میں منکی پاکس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 4 ہو گئی ہے، جس کے پیش نظر محکمہ صحت نے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے صوبے بھر میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔



















